برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی پہلی اننگز جاری ہے اور ابتدائی نقصان کے بعد پاکستانی بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا ہے۔
ایجبیسٹن کے میدان میں اس وقت کریز پر سمیع اسلم اور اظہر علی موجود ہیں اور اب سے کچھ دیر قبل کھانے کے وقفے پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے تھے۔
پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کی گیند پر کیچ ہوگئے۔
اس سیریز کے دوران حفیظ کوئی بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں اور اس میچ سے قبل بھی ان کی سلیکشن پر اعتراضات سامنے آئے تھے۔
انگلینڈ کی ٹیم میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے گیری بیلنس اور معین علی نے نصف سنچریاں بنائیں۔ بیلنس 70 جبکہ معین علی 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ الیسٹر کک نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے پانچ برس کے وقفے کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے سہیل خان 96 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے۔
ان کے علاوہ محمد عامر اور راحت علی نے دو، دو جبکہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ لی تھی۔
پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور شان مسعود اور وہاب ریاض کی جگہ سمیع اسلم اور سہیل خان کو ٹیم کو جگہ دی گئی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں زخمی ہونے والے آل راؤنڈر بین سٹوکس کی جگہ سٹیون فن کی واپسی ہوئی ہے۔
بین سٹوکس پنڈلی میں تکلیف کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ بھی نہیں کھیل پائے تھے اور اب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ چوتھے ٹیسٹ میں بھی شریک نہیں ہو سکیں گے۔


